نئی دہلی،10/ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی نے امریکہ میں موجود اپنے ممبروں کو صدارتی انتخابات میں پارٹی کا نام استعمال نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات اس ملک میں دوطرفہ حمایت پرمبنی ہیں۔
بی جے پی کے محکمہ خارجہ امورکے انچارج وجے چتوروالے نے امریکہ میں پارٹی نمائندوں سے کہاہے کہ ہندوستان کی حکمران جماعت امریکی انتخابات میں کسی بھی امیدوار کی حمایت نہیں کررہی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کامقابلہ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوارجو بائیڈن سے ہوگا۔اوورسیز فرینڈز آف بی جے پی۔
یو ایس اے کے ممبرذاتی طورپر امریکی انتخابی مہم میں حصہ لے سکتے ہیں۔کسی پارٹی یا امیدوار کی حمایت کرسکتے ہیں لیکن انہیں انتخابی مہم چلانے کے لیے ہدایت دی گئی ہے کہ بی جے پی یااو ایف بی جے پی کا نام استعمال نہ کریں۔
انھوں نے کہاہے کہ امریکہ میں دوطرفہ تعاون پرمبنی ہندوستان اور امریکہ کے گہرے اسٹریٹجک تعلقات ہیں۔چتروالے نے کہاہے کہ ہمیں یقین ہے کہ مستقبل میں بھی ہماری شراکت داری مزیدبڑھے گی۔اہم بات یہ ہے کہ 3 نومبر کو امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل، ری پبلکن پارٹی کی ایک تشہیری ویڈیومیں گذشتہ ایک سال میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مودی کی دوتاریخی ریلیوں کے مناظرہیں۔
کملا ہیرس کو امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ذریعہ نائب صدر کے عہدے کے لئے نامزد کیے جانے کے بارے میں بی جے پی نے کہاہے کہ ہمیں فطری طور پر خوشی ہے کہ ایک ہندوستانی کو امریکہ میں دوسرے اعلیٰ عہدے پرمقابلہ کرنے کے لیے منتخب کیاگیاہے۔انھوں نے کہاہے کہ اسی کے ساتھ، ہمیں یقین ہے کہ انتخابات مکمل طور پر اس ملک کاگھریلوعمل ہے اور اس عمل میں بی جے پی کاکوئی کردارنہیں ہے۔